ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی بی ایم پی میں جے ڈی ایس کا اتحاد کس سے ہوگا؟ دیو ے گوڈا کی صدارت میں سنیچر کو کارپوریٹروں کی میٹنگ میں ہوگا فیصلہ

بی بی ایم پی میں جے ڈی ایس کا اتحاد کس سے ہوگا؟ دیو ے گوڈا کی صدارت میں سنیچر کو کارپوریٹروں کی میٹنگ میں ہوگا فیصلہ

Sat, 03 Sep 2016 00:48:34    S.O. News Service

بنگلورو۔2/ستمبر(ایس او نیوز) برہت بنگلو رمہانگر پالیکے میں اقتدار پر قبضے کیلئے جنتادل (ایس) کانگریس سے اپنا اتحاد برقرار رکھے گی یا اس اتحاد کو توڑ کر بی جے پی سے ہاتھ ملالے گی یہ فیصلہ کل لیا جائے گا۔گزشتہ ایک سال سے کانگریس جنتادل (ایس) کے تعاون سے بی بی ایم پی میں اقتدار پر قابض ہے۔ اس بار بھی کانگریس کی طرف سے یہ کوشش جاری ہے کہ جنتادل (ایس) کو اس بات کیلئے راضی کیا جائے کہ دونوں پارٹیوں کے اتحاد کو برقرار رکھا جائے تو دوسری طرف بی جے پی بھی کوشاں ہے کہ کانگریس سے اتحاد کو ختم کرکے جے ڈی ایس اس کے ساتھ ہاتھ ملالے تاکہ بی جے پی بی بی ایم پی کے اقتدار پر قابض ہوسکے۔سابق وزیراعظم اور پارٹی کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڈا کی صدارت میں کل جے ڈی ایس کی میٹنگ ہوگی، جس میں پارٹی طے کرے گی کہ وہ کس کے ساتھ جائے گی۔ پارٹی نے سبھی کارپوریٹروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ کل کی میٹنگ میں وہ بلاناغہ حاضر رہیں۔ اگلے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے مرحلے میں پارٹی کو کس کے ساتھ اتحاد کرنا ہے اس پر میٹنگ میں سنجیدہ بحث کی اطلاع دی گئی ہے۔ جنتادل (ایس) نے میئر کی اگلی میعاد کیلئے اتحاد کے بارے میں کچھ بھی نہیں بتایا تھا۔ کل کی میٹنگ میں واضح ہوگا کہ اس کا اگلا موقف کیا ہوگا۔ توقع ہے کہ میٹنگ میں اگلے ڈپٹی میئر کے امیدوار کا انتخاب بھی عمل میں آجائے گا۔ کل ہی جے ڈی ایس کے باغی رکن اسمبلی ضمیر احمد خان نے یہ شرط رکھی تھی کہ ان کے اور ان کے حامیوں کی قیادت میں منتخب ہونے والے کارپوریٹرس اسی صورت میں جنتادل (ایس) کاساتھ دیں گے، اگر کسی مسلم کارپوریٹر کو شہر کا ڈپٹی میئر بنایا جائے گا۔ بی بی ایم پی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے مرحلے میں جے ڈی ایس نے نہ صرف کارپوریٹرس بلکہ اراکین اسمبلی کو وہپ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


Share: